فیصل آباد ۔ 07 جولائی (اے پی پی):موسم برسات میں پانی کی مختصر وقت میں نکاسی کے لئے ڈجکوٹ روڈ سٹوریج ٹینک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جبکہ فیسکو کنکشن ہونے کے بعد سٹوریج ٹینک آپریشنل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے ڈجکوٹ روڈ پر نئے تعمیر ہونیوالے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کا وزٹ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی ایم ڈی سروسز اکرام اللہ چوہدری، ڈائریکٹر کنسٹرکشن ڈاکٹر عثمان لطیف، ڈائریکٹر آپریشنز فاروق نجیب، ڈپٹی ڈائریکٹر نعمان نور، عدنان گل و دیگر بھی موجود تھے۔ مون سون سیزن کے دوران نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے ڈجکوٹ روڈ سٹوریج ٹینک، پی ایس 34 سمن آباد، ڈی ٹائپ کالونی ڈسپوزل اسٹیشن اور رسالے والا ڈرینج لائن کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو مختلف ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس 34 سمن آباد کے نئے تعمیر ہونیوالے ڈسپوزل اسٹیشن کے کنٹریکٹر کو موبلائز کیا جائے اور نیسپاک کے منظور کردہ ڈیزائن کے مطابق تعمیراتی کام کو جلد سے جلد شروع کروایا جائے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے پرانے ڈسپوزل اسٹیشن کے آپریشنز کا جائزہ لیا اور وہاں موجود پمپس کی کیپسٹی اور بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل انتظامات کو مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے ڈی ٹائپ کالونی ڈسپوزل اسٹیشن کا وزٹ کرتے ہوئے مون سون سیزن کے دوران پانی کے جلد سے جلد اخراج کو ممکن بنانے کے لئے تمام تر انتظامات مکمل رکھنے کی تاکید کی۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چوہدری نے رسالے والا کی ڈرینج لائن کی جلد تکمیل کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ موسم برسات کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی سہولیات کے لئے متعدد اقدامات مکمل کئے جارہے ہیں جس سے شہریوں کو نمایاں ریلیف حاصل ہو گا۔