فیصل آباد ۔ 27 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کالی زیری کی کاشت بروقت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ کالی زیری کی کاشت جولائی کے آغاز پر شروع کر کے وسط اگست تک مکمل کر تے ہوئے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالی زیری کی کاشت کے لئے زمین کو 5سے6مرتبہ ہل و سہاگہ چلا کر اچھی طرح تیار کر لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ زمین کی ذرخیزی کے لئے 10سے12گڈے گوبر کی گلی سڑی کھاد زمین میں اچھی طرح ملا دینی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کالی زیری کی کاشت کے لئے شرح بیج اڑھائی سے3کلو گرام فی ایکڑ رکھنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار کھیت میں ڈیڑھ سے2 فٹ کے فاصلے پر کھیلیا ں بنا کر ان کے سروں پر 9انچ کے فاصلے سے بیج کی چٹکیاں لگائیں اور بروقت آب پاشی کریں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔