فیصل آباد ،کاشتکاروں کو30ستمبر تک پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کی ہدایت

195
پیاز پنیری کی منتقلی

فیصل آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد نے کاشتکاروں کو 30ستمبر تک پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی اور اس سے قبل زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ زمین کی تیاری کے لیے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلایا جائے ، بعد ازاں 2مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیاجائے اور اس میں 20کلو گرام یوریا کھاد ڈال کر زمین کو پانی لگادیا جائے جبکہ وتر آنے پر زمین میں ہل چلا کر اسے سہاگہ سے نرم و ہموار کرلیا جائے تاکہ پیاز کی اچھی فصل حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیاز کی پنیری کی کھیتوں میں منتقلی کے وقت ایک سے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ڈال کر 75 سے 80 سینٹی میٹر کے فاصلے پر کھیلیاں بنا لیں اور پودے کھیلیوں کے دونوں اطراف 10سینٹی میٹر کے فاصلے پر لگانے کے بعد آبپاشی کاسلسلہ شروع کردیں۔

انہوں نے کہاکہ فصل کو7 سے8 دن کے وقفہ سے مسلسل 3مرتبہ پانی لگانا چاہیے تاہم اس کے بعد آبپاشی کاوقفہ بڑھایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پنیری کی منتقلی کے 20سے25 روز بعد کھیتوں میں ایک بوری امونیم سلفیٹ یا آدھی بوری یوریا کھاد فی ایکڑ ڈال کر آبپاشی کر نی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کھیت میں نرسری کی منتقلی سے پہلے اسے پانی کی فراہمی روک دینی چاہیے تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے اور پنیری کھیت میں منتقل کرتے وقت اس کی جڑوں کو ٹوٹنے سے بچایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کے لیے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔