فیصل آباد ، ڈولفن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ،2 ڈاکو ہلاک،15 موبائل،اسلحہ اور نقدی برآمد

182
Illegal weapons
Illegal weapons

فیصل آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):پولیس تھانہ نشاط آباد فیصل آباد کی شہری حدود میں ڈائیووبس ٹرمینل روڈپر جمعہ کی علی الصبح ڈولفن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ کے دوران2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ 2 فرارہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضہ سے شہریوں سے گن پوائنٹ پر چھینے گئے15 موبائل فونز،اسلحہ اورہزاروں روپے نقدی برآمدہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 4 موٹرسائیکل سوارمسلح ڈاکو شہر کے بارونق علاقہ ملت چوک کے قریب ڈکیتی کرکے فرار ہورہے تھے کہ اس کی اطلاع ملتے ہی15 کی کال پر ڈولفن اہلکاروں نے ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کر دیا۔اس دوران ڈاکو فرار ہوتے ہوئے پولیس تھانہ نشاط آبادفیصل آباد کی حدود ڈائیووبس ٹرمینل روڑ پر پہنچے تو ڈولفن ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر ڈولفن اہلکاروں کی وائرلیس کال پرپولیس تھانہ نشاط آباد کی نفری بھی ایس ایچ او کی سربراہی میں موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان25 سے 30 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔اس دوران ڈاکوؤں کی اپنی ہی فائرنگ سے ان کے دو ساتھی ڈاکو ہلاک اور دو ڈاکو موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں کی جامہ تلاشی کے دوران شہریوں سے گن پوائنٹ پر چھینے گئے15 موبائل فونز،ہزاروں روپے نقدی، پسٹل، گن اور گولیاں برآمد کر لیں۔بعدازاں ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں کی شناخت رحمان اقبال اورسجاول کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوفیصل آباد پولیس کوڈکیتی اور سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔پولیس نے مذکورہ ڈاکوؤں کے فرار ہونیوالے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے علاقہ کی ناکہ بندی کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔