فیصل آباد ۔ 01 نومبر (اے پی پی):پنجاب کونسل آف آرٹس فیصل آباد ڈویژن اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے اشتراک سے ’’ربط‘‘کے عنوان پر آرٹ اینڈ ڈیزائن سے وابستہ اساتذہ کی تین روزہ آرٹ کے فن پاروں کی نمائش خوشیاں بکھیر کر اختتام پذیر ہوگئی۔نمائش میں 11 سے زائد اساتذہ نے مختلف سماجی وانفرادی موضوعات کی منظر کشی کی۔آرٹ نمائش کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر عابد ممتاز خاں سیال نے کیا۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد اویس عابد،ڈپٹی ڈائریکٹر عمران رضا،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پروگرام اسد حیات کے علاوہ جی سی یونیورسٹی شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طالب علم بھی شریک تھے۔
نمائش کے کیوریٹر تہمینہ افضل اور محمد فہیم طفیل بھی موجود تھے۔نمائش کے دوسرے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم نے آرٹ گیلری کا دورہ کرکے نصب پینٹنگز دیکھیں اور گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے اساتذہ کے فن کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے ایسے تخلیقی پروگرامز کا انعقاد وقت کی شدید ترین ضرورت ہے۔انہوں نے آرٹس کونسل کے اشتراک سے رنگارنگ آرٹ کی نمائش کی تعریف کی۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے بتایا کہ کونسل کے زیراہتمام اور مختلف اداروں کے اشتراک سے پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ادب وثقافت کے فروغ کے ساتھ آرٹ وڈیزائن سے وابستہ تخلیقی اذہان کے مالک افراد کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور عوام الناس تک پہنچانے کے لئے آرٹ کونسل بہترین پلیٹ فارم ہے۔تہمینہ افضل اور محمد فہیم طفیل نے تین روزہ آرٹ نمائش کے انعقاد کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کیا اور کہا کہ عمدہ سوچ کے حامل اساتذہ اپنا ہنر طالب علموں میں منتقل کررہے ہیں۔انہوں نے عزم کا اعادہ کیا کہ ایسے ایونٹس کا انعقاد باقاعدگی سے منعقد کرائیں گے۔تینوں ایام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علم جوق درجوق فن پارے دیکھنے آتے رہے اور پینٹنگز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔احمد سجاد،عنیزہ سلیم،فروہ بتول،محمد علی،رابعہ شیریں،سعدیہ نورین،ثمر انور،وجاہت علی اور یاسر عظیم نے آرٹ میں حصہ لیا،جنہیں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے گئے۔