فیصل آباد۔ 14 اگست (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) ہیڈکوارٹرزمیں پاکستان کے78ویں یوم آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسرفیسکو انجینئرمحمد عامر تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے روز ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں جہاں ہم اپنے تمام تر مذہبی عقائدکے ساتھ آزاد زندگی گزار رہے ہیں یہ تجدید عہد کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کی لاکھوں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی وجہ سے پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک الگ اسلامی نظریاتی مملکت کے طور پر ابھرا۔بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے ملک پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے اور اقوام عالم میں اسے نمایاں مقام دلائیں گے۔
ہمیں ہر قسم کے حالات،مصیبتوں اوردرپیش پریشانیوں کا اجتماعی طور پر سامنا کرناہوگا کیونکہ ہم زندہ قوم ہیں اور قوموں پر جب مصیبت اور آزمائش آتی ہے تووہ مل جل کر اس کا مقابلہ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی تمام تر بہتری صلاحیتوں کو بروئے کا رلاتے ہوئے اپنے ملک اور قوم کیلئے کام کریں کیونکہ وطن کی ترقی سے ہی ہمارا مستقبل اورنسل نو کا مستقبل وابستہ ہے۔ آج کے اس لازوال قربانیوں کے دن کی مناسبت سے تمام فیسکو افسران و ملازمین بھی کمپنی کی بہتری اور اسے ترقی کی مزید منازل تک پہنچانے کیلئے مزید محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ادارے مضبوط ہوں ہوگے تو ملک ترقی کرے گا۔
قبل ازیں تقریب کے تمام شرکاء نے چیف ایگزیکٹو فیسکوانجنئیرمحمد عامر کی قیادت میں پرچم کشائی کی، قومی ترانہ پڑھااورجشن آزادی کا کیک کاٹا۔چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر نے اس موقع پرتقریب میں موجود بچوں میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے۔تقریب میں فیسکو کے چیف انجنئیرز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، دیگر فیسکو افسران کے علاوہ فیسکو ملازمین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔فیسکو ہیڈکوارٹرز،سرکل اور ڈویژن دفاتر سمیت گرڈسٹیشنوں اور واپڈ اہسپتال کی بلڈنگ پر جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی چراغاں کیاگیا اورفیسکو کے تمام سرکلز میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کے مہمان خصوصی متعلقہ ایس ایز تھے۔