فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ڈاکٹرز کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا، صوبائی وزیر صحت

91
Khawaja Salman Rafique
Khawaja Salman Rafique

لاہور۔13فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا۔

دورہ کے دوران سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود اور سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی ہمراہ ،ڈاکٹر فرقد عالمگیر، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انور بریار اور ڈپٹی سیکرٹری فنانس حماد الرب کے علاوہ کمشنر فیصل آباد مریم خان سمیت دیگر افسران موجودتھے۔

صوبائی وزیرصحت نے کانفرنس روم میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس ادارہ میں میڈیکل آفیسرز سمیت پوسٹ گریجویٹ ٹرینیزکی تعیناتی ہوگی۔ آئی سی یو میں بیڈز کو وینٹی لیٹر سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری کو مکمل فعال بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

سینئر رجسٹرار اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز سمیت ڈاکٹرز کی کمی جلد پوری ہوگی۔ چیف منسٹرز فری ہارٹ سرجری پروگرام کو کامیاب بنانا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں تاریخی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتالوں کی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہیومن ریسورس مکمل کرنے کے لئے چلڈرن ہسپتال،الائیڈ I اور الائیڈ II کے ڈاکٹرز کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔