فیصل آباد سمیت پنجاب میں میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات کے لئے رول نمبر سلپس جاری

177
Punjab Boards
Punjab Boards

فیصل آباد۔ 21 فروری (اے پی پی):فیصل آباد سمیت پنجاب میں میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات کے لئے طلبہ کو رول نمبر سلپس جاری کردی گئیں۔ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے ترجمان کے مطابق ریگولر طلبہ کی رول نمبر سلپس ان کے متعلقہ اداروں کو جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کو رول نمبر سلپس ان کے داخلہ فارمز پر دیئے گئے پوسٹل ایڈریس پر ارسال کی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، راولپنڈی اور لاہور بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشنز کے زیر اہتمام 4 مارچ کو انگریزی،6 مارچ کو کیمسٹری و جنرل سائنس، 8 مارچ کو فزکس اور اسلامیات اختیاری، 9 مارچ کو اسلامک سٹڈیز، 11 مارچ کوریاضی،12 مارچ کومطالعہ پاکستان،14مارچ کوبائیالوجی اور کمپیوٹر سائنس،15مارچ کوترجمۃ القرآن اور18مارچ کواردو کا پیپر ہوگا۔

پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے ترجمان کے مطابق کلاس نہم کے سالانہ امتحان میں 20 مارچ کوانگلش، 22 مارچ کوبائیالوجی و کمپیوٹر سائنسز، 25 مارچ کوکیمسٹری و جنرل سائنس، 27 مارچ کوفزکس و اسلامیات اختیاری، 28 مارچ کوترجمۃ القرآن، 30 مارچ کواسلامک سٹڈیز، یکم اپریل کوریاضی، 3 اپریل کو اردو اور5 اپریل کو مطالعہ پاکستان(پاک سٹڈیز) کا پیپر ہوگا۔