فیصل آباد قومی معیشت کو مستحکم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

105
محمد صادق سنجرانی

فیصل آباد۔20نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ فیصل آباد پاکستان کا انتہائی اہم ترین صنعتی شہر ہے جو قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وہ جمعہ کے روز فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام قائم فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں ایک نئی ٹیکسٹائل سپننگ ملز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت اور اظہار خیال کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل براہ راست صنعتی ترقی سے منسلک ہے کیونکہ صنعتی ترقی سے جہاں پیداوار میں اضافہ اور بر آمدات کی شرح میں بہتری آئے گی وہیں روزگار کے ہزاروں لاکھوں نئے مواقع میسر آئیں گے اور اس شعبہ کی ترقی سے حکومتی ٹیکسز کی وصولی میں نمایاں اضافہ کے ساتھ ساتھ ریونیو جنریشن کے ذریعے قومی فلاح اور عوامی خوشحالی کے نئے منصوبوں کیلئے وسائل دستیاب آنے سے ملک میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ قبل ازیں وہ 8 سال پہلے فیصل آباد آئے تھے لیکن اب وہ خاص طور پر اس مقصد کے ساتھ یہاں آئے ہیں کہ وہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد پاکستان کی صنعتی ترقی کے کیا رجحانات اور صنعتی شعبہ کے کیا حالات ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد کے صنعتکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ فیصل آباد کے صنعتی شعبہ کو کورونا کی عالمی وبا کے باعث بہت زیادہ مشکلات، سخت پریشانیوں اور سنگین مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا مگرانہوں نے ابتر حالات میں بھی ہمت نہ ہاری اور تمام صورتحال کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصل آباد کے صنعتکار ہی تھے جنہوں نے حوصلہ نہ ہارا اورپینڈیمک کے مخصوص حالات میں بھی مکمل ایس او پیز کے تحت صنعت کا پہیہ چالو رکھاجس کے ثمرات انہیں بہت جلد ملنا شروع ہو جائیں گے۔صادق سنجرانی نے گوادر کوپاکستان کا نیا اور روشن و تابناک مستقبل قرار دیتے ہوئے فیصل آباد کے صنعتکاروں کو دعوت دی کہ وہ گوادر میں سرمایہ کاری اور صنعت سازی کریں جس کیلئے حکومت انہیں تمام تر سہولیات و مراعات فراہم کرے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ ان کے ہمراہ 4 سینیٹرز بھی صنعتی عمل کا جائزہ لینے کیلئے فیصل آباد آئے ہیں اور انہوں نے بھرپور یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ بلوچستان میں سرمایہ کاری پر فیصل آباد اور پنجاب کے صنعتکاروں کی بھرپور معاونت کریں گے اور انہیں تمام ضروری سہولیا و مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مجموعی طور پر بلوچستان اور خاص طور پر گوادر کی امن و امان کی موجودہ صورتحال سمیت وہاں کا ماحول اور حالات سرمایہ کاری اور صنعت سازی کیلئے انتہائی سازگار ہیں لہٰذا وہ بے دھڑک وہاں انڈسٹری لگا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے فیصل آباد کے صنعتکاروں کو دعوت دی کہ وہ ذاتی طور پر گوادر کا دورہ کریں اور وہاں کے پرامن حالات سمیت بزنس فرینڈلی ماحول کا خود جائزہ لیں تاکہ انہیں ہماری بات کا یقین ہو سکے جہاں ہم صنعتی، کاروباری و تجارتی ترقی کیلئے باقاعدگی کے ساتھ بین الاقوامی سیمینارز اور بزنس اینڈ ٹریڈ کانفرنسز کا اہتمام بھی کر رہے ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر میں صنعتی یونٹس کا قیام ہماری بر آمدات کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اضافی مواصلاتی و ٹرانسپورٹیشن اخراجات میں بھی کمی کاباعث بنے گا جہاں سے صنعتکار و بر آمد کنندگان بغیر وقت ضائع کئے اپنی غیر ملکی کنسائنمنٹس کی بلا تعطل و بحفاظت ترسیل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی سرمایہ کاری سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کوزبردست فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کا وعدہ ہر حال میں پورا کرے گی۔چیئرمین سینیٹ نے صنعتکاروں کے حوصلہ کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے کورونا کی عالمی وبا کے دوران انتہائی پریشان کن حالات میں دلیری اور جوانمردی سے معاشی مشکلات اور ابتر کاروباری معاملات کا مقابلہ کیا حالانکہ یہ وہ وقت تھا جب بڑے بڑے ترقی یافتہ ممالک کورونا کی عالمی وبا کے آگے بے بس ہوکرگھٹنے ٹیکنے اور اپنے یونٹس بند کرنے پر مجبور ہوگئے لیکن پاکستان نے انتہائی مہارت اور دانشمندانہ اقدامات سے جہاں کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کیا وہیں لوگوں اور ورکرز و صنعتی مزدوروں کی قیمتی زندگیاں بچانے کے ساتھ ساتھ محفوظ طریقے سے ملک میں مینوفیکچرنگ پراسیس بھی جاری رکھا۔اس موقع پر فیڈمک کے سی ای او عامر سلیمی،شیخ دانش آف بیسٹ ایکسپورٹ گروپ،نامور صنعتکار اور معروف بر آمد کنندگان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ قبل ازیں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صداقت ملز کا دورہ بھی کیا جہاں ملز کے سی ای او شیخ خرم مختار نے انہیں ادارہ کی صنعتی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔