فیصل آباد میں ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا

133
festival of Easter

فیصل آباد ۔ 31 مارچ (اے پی پی):ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا گیا،اس سلسلہ میں چھوٹے بڑے تمام گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ایسٹر روزوں کے ایام کے بعدمنایا جانے والا مسیحی تہوار ہے، جس کو عید پاشکا یا عید قیامت المسیح بھی کہا جاتا ہے،مسیحی خاندانوں کیلئے فیملی ری یونین کے طور پر بھی ایک یادگار دن سمجھا جاتا ہے۔ اس دن کو عبادات کے علاوہ ایسٹر موسیقی، پھولوں، موم بتیوں، اور چرچ کی گھنٹیاں بجا کر بھی منایا جاتا ہے۔

اسی مناسبت سے مرکزی دعائیہ تقریب ریلوے روڈ کیتھولک چرچ میں منعقد ہوئی جس میں مسیحی برادری کی خواتین،بچوں بڑوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔سی پی ا و فیصل آبادکیپٹن (ر) محمد علی ضیا کی ہدایت پرایسٹر ڈے کے موقع پر ضلع بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیاگیا ہے۔ضلع بھرمیں 1834پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں جبکہ ایلیٹ فورس اور ایس ایچ اوز شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی پٹرولنگ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔سی پی ا و فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد علی ضیا نے کہا کہ ایسٹر ڈے2024کے تہوارکو محفوظ بنانے کیلئے ضلع فیصل آباد میں سکیورٹی پلان کے مطابق18 جی اوز، 188 اپرسبارڈینیٹ اور1628 کانسٹیبل ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں

علاوہ زیں ایلیٹ فورس کی20کمبٹ ٹیمیں بھی شہر کے گردونواح کے اہم حساس مقامات پر گشت کرتی رہی ہیں۔اس کے علاوہ پولیس فورس کی ریزور کو پولیس لائنز میں سٹینڈ ٹو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی جان و مال کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔