اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوھدری نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں دو سو ایکڑ پر ہیلتھ سٹی اور لاہور ، کراچی اور اسلام آباد میں سائنس وٹیکنالوجی خصوصی اقتصادی زون بنائیں گے۔ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق میڈ ان پاکستان کے منصوبوں کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنایا ہے۔پاکستان میں سینیٹائزر سے ماسک تک یا تو مل ہی نہیں ہوتے یا بلیک ہو رہے ہوتے،آج اپنی ضرورت بھی پوری ہو رہی ہے اورکروڑوں کی ایکسپورٹ بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں فیصل آباد میں دو سو ایکڑ پر ہیلتھ سٹی اور لاہور ، کراچی اور اسلام آباد میں سائنس وٹیکنالوجی اسپیشل اکنامک زون بنانے جا رہے ہیں،ان اقتصادی ز ونز میں ٹیکنالوجی انڈسٹری اور بزنس کو خصوصی مراعات حاصل ہوں گی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دس سال میں پاکستان کو ٹیکنالوجی سپر پاور بنانا اصل منزل ہے۔