فیصل آباد میں محکمہ صحت کی 938 سرویلنس ٹیمیں ڈینگی لاروا کی نشاندہی و انسدادکیلئے متحرک

217
ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد

فیصل آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر اسفند یارنے بتایاکہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کی 938 سرویلنس ٹیمیں ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور انسدادی اقدامات کیلئے سرگرم عمل ہیں لیکن عوامی تعاون کے بغیر اس مسئلے پر قابو نہیں پایاجاسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہرسطح پر انسداد ڈینگی پیغامات عام کرنے کے پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اس سیزن میں ابتک 31ہزار مقامات سے لاروا کی نشاندہی کی گئی ہے جوکہ انتہائی الارمنگ صورت حال ہے اور زیادہ تر لاروا گھروں کے اندر سے برآمد ہواہے لہٰذا ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین ڈینگی کے مسئلے کا بخوبی ادراک کریں اور زیر تعمیر گھروں، پلازوں، دکانات اوردیگر تعمیرات سمیت خالی پلاٹوں، پارکوں ودیگر کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اورخصوصی طور پر ایئرکولرز اور چھتوں و قبرستانوں میں پرندوں کے پانی کیلئے رکھے برتنوں کو صاف رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو چاہیے کہ مالیوں، گارڈز اوردیگر سٹاف پر مشتمل ٹیمیں مقرر کرکے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی و حفاظتی و انسداد ی تدابیر پر عملدرآمد کوچیک کریں نیز کسی قسم کی رپورٹنگ، سیمپلنگ یا شکایت کی صورت میں محکمہ صحت سے رابطہ کیاجائے۔ ڈینگی کنٹرول ولاروا کی شناخت سمیت احتیاطی تدابیراور ڈینگی بخار کی علامات کے بارے میں آگاہی سمیت انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی وائرس کے موجود سنگین خطرات کے پیش نظر احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد بے حد توجہ اور احساس کا متقاضی ہے جس میں غفلت یاعدم توجہی کے متحمل نہیں ہوسکتے لہٰذا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے اور لاروا برآمد ہونے کی صورت میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کے خلاف مقدمات درج کرانے پر مجبور ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم عمل رہیں گی اور انسپکشن کے دوران انسداد ڈینگی قوانین پر عمل نہ کرنیوالے قانون کی زد میں آئینگے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے کیلئے ہرشہری کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے لہٰذا انسداد ڈینگی اقدامات پرعملدرآمد کیلئے تمام شہریوں شعور کو بیدار رکھیں اور احتیاطی و حفاظتی تدابیر و دیگر متعلقہ معلومات دیگر لوگوں تک پہنچائیں، کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں،گرین بیلٹس، پارکس، پانی کی ٹینکوں سمیت دیگر جگہوں کو صاف رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے شعوری کوششوں کو جاری رہناچاہیے لہٰذا اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کیاجائے۔