فیصل آباد۔ 26 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹراسفند یارنے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہونے لگاہے اس لئے شہری انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں کیونکہ ڈینگی مچھر کی افزائش صرف صاف پانی میں نہیں بلکہ ہر طرح کے گدلے اور آلودہ پانی میں بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ 6 سے 8 دنوں کے دوران کسی بھی جگہ پر کھڑے پانی میں ڈینگی مچھر اپنے انڈے دینے کی اہلیت رکھتا ہے اور یہ مچھر صبح اور شام کے وقت کاٹنے کے لئے متحرک ہوتا ہے اس لئے اس کے خاتمے کے لئے سپرے کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل ڈینگی کے خلاف جہاد میں صف اول کا کر دار ادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ طلبہ اپنے والدین اور اہلیان محلہ کو ڈینگی کے بارے میں خصوصی پیغام پہنچائیں تاکہ ہم کمیونٹی کی سطح پر اس کے خلاف متحرک ہو سکیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ نہ صرف ڈینگی کے بارے میں شعور اجاگر کرنےکے لئے خصوصی لیکچرز منعقد کروانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں بلکہ عوام بالخصوص طلبہ کی استعداد کار میں اضافے کے لئے بھی کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ قرب وجوار کے علاقے بھی صاف رکھنے کی کوشش کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔