فیصل آباد۔ 12 دسمبر (اے پی پی):حکومتی ہدایا ت کی روشنی میں کرسمس کی آمد کے حوالے سے مسیحی بھائیوں کو ارزاں نرخوں پر معیاری اشیائے خوردو نوش کی فراہمی کیلئے فیصل آباد میں سینٹ انتھونی سکول کرسچین ٹاؤن، پینٹو گراؤنڈ مریم آباد وارث پورہ، کیتھولک چرچ مدینہ ٹاؤن، غلہ منڈی چک جھمرہ، بلال شہید پارک سول کلب روڈ تاندلیانوالہ، کرسچین کالونی لیاقت پارک سمندری اور مسجد بازار چوک جڑانوالہ میں قائم کئے جانیوالے سستے کرسچین بازار 22 دسمبر کو فنکشنل ہو کر 24دسمبر کی رات تک کھلے رہیں گے۔
فیصل آبادضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ کرسمس سستے بازاروں میں آٹے، چینی، گھی سمیت تمام اشیا انتہائی سستے داموں فروخت کی جا ئیں گی تاکہ مسیحی برادری کے تمام افراد کو کرسمس کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے۔ دریں اثنا مذکورہ بازاروں کیلئے مانیٹرنگ افسران بھی مقرر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ان بازاروں سے مسیحی بھائی سستے داموں اور ارزاں نرخوں پر آٹا، گھی، چینی، دالیں، پھل، سبزیاں، مشروبات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی خریداری کر سکیں گے جن کی سکیورٹی کا بھی بہترین انتظام ہوگا۔