فیصل آباد میں یوم عاشورکے موقع پر لاکھوں شہریوں کی قبرستانوں میں آمد، اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہوں پر حاضری اور دعائے مغفرت کی

168
Day of Ashura
Day of Ashura

فیصل آباد۔ 17 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد میں بدھ کو یوم عاشورکے موقع پر لاکھوں شہریوں کی مختلف قبرستانوں میں آمدکاسلسلہ جاری رہا جو اپنے پیاروں کی آخری آرام گاہوں پر حاضری دیکر ان کی بخشش اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت اور قرآن و فاتحہ خوانی کرتے رہے۔ سابقہ روایات کے مطابق جھنگ روڈ کے مرکزی قبرستان سمیت شہر کے مختلف قبرستانوں میں لوگوں کا جم غفیر امڈ آیا اور کثیر تعداد میں لوگوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر انہوں نے قبروں پر پھول،پتیاں نچھاور کیں،اگر بتیاں جلائیں اور قرآن خوانی کے ساتھ ساتھ ان کی مغفرت کیلئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پرکئی رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے جبکہ قبروں پرحاضری کے موقع پر مرد، نوجوان، بزرگ حضرات سمیت خواتین کی آنکھیں نم ہوگئیں اور وہ اپنے پیاروں کو یاد کر کے آنسو بہاتے رہے۔اس موقع پر بعض بوسیدہ قبروں کی لپائی بھی کی گئی جبکہ رنگ و روغن کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ یوم عاشور کے موقع پر قبرستانوں میں بھی پولیس تعینات اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔