فیصل آباد۔ 29 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد میں یکم سے 3 اگست تک سپورٹس گالاکے انعقاد کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ مذکورہ سپورٹس گالا میں لان ٹینس، باسکٹ بال، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، بیڈ منٹن، سکوائش اور سنوکر کی کھیلوں کے مقابلے ہونگے جن کے ساتھ ساتھ جمنیزیم کے چند ایونٹس کو بھی ان مقابلوں کا حصہ بنایا جائے گا نیزموسم کی شدت کے باعث مذکورہ سپورٹس گالا کے دوران کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد شام4بجے سے رات 10 بجے تک ہوگاجس کیلئے ضروری انتظامات کرلئے گئے ہیں۔
منیجر سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی فیصل آباد رضوانہ کمال نے بتایا کہ سپورٹس گالا میں ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے مرد وخواتین ممبرز کے علاوہ شہر میں مختلف نجی کلب کے کھلاڑی شرکت کریں گے جن کو دعوت دے کر مرد وخواتین کھلاڑیوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پرفول پروف سکیورٹی کے بھی انتظامات کئے جائیں گے جبکہ اس سلسلے میں تھیم کے تحت جشن آزادی منانے کے ماحول کو نمایاں طور پر اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سپورٹس گالا کو مستقل بنیادوں پر ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس سے منسلک کیا جائے گا۔