فیصل آباد میں 44288کاشتکاروں کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کسان کارڈ جاری کئے جائیں گے،ڈائریکٹر زراعت

102
کسان کارڈ اسکیم کا اوکاڑہ میں بھی باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا
کسان کارڈ اسکیم کا اوکاڑہ میں بھی باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

فیصل آباد ۔ 09 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد نے کہا ہے کہ ضلعے میں وزیر اعلیٰ کسان کارڈز کی فراہمی کا آغاز ہوچکا ، مجموعی طور پر 44288 کسانوں کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر یہ کارڈ جاری کیے جائیں گے،اب تک 1 سے ساڑھے بارہ ایکڑ تک اراضی کے حامل 20237 کاشتکار اس کارڈ کے لیے اہل قرار دیے جاچکے ہیں۔یہ بات ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے اے پی پی سےگفتگو کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے ہراہل کاشتکارڈیڑھ لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ حاصل کرکے مقرر کردہ ڈیلرز سے کھاد،زرعی ادویات اور بیج حاصل کرسکے گا،اس سلسلے میں محکمہ زراعت کے دفتر میں قائم ڈسٹری بیوشن سنٹر کابھی افتتاح کردیا گیا ہے جہاں بائیو میٹرک مکمل کرنے والے کاشتکاروں میں وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈسٹری بیوشن سنٹر پر قائم کاؤنٹرز پر کسانوں کی رجسٹریشن اورکسان کارڈزکی تقسیم کے عمل کامسلسل جائزہ لیاجارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈموجودہ حکومت کاکاشتکاروں کےلئے انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت رجسٹرڈکسان مستقبل میں بھی حکو مت کی زرعی پالیسیوں سے استفادہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح وبہبود کےلئے مؤثر اقدامات کررہی ہے،جو کسان زمین کے مالک ہیں اور جن کا زمینی ریکارڈ پی ایل آر اے میں دستیاب ہے وہ قرض کے حقدارہوں گے ،

زمین کی رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد کسان کو بینک آف پنجاب کی طرف سے پنجاب کسان کارڈ جاری کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان کارڈکی بدولت کاشتکار خوشحال اور سبز پنجاب کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوجائے گا۔