لاہور۔ 13 فروری (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے شب بارات کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کردیا،1600سے زائد اہلکار اور پولیس افسران ذمہ داری ادا کرینگے۔تفصیلات کے مطابق سی پی او فیصل آبادصاحبزادہ بلال عمرکی ہدایت پرشب برات کاسیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے شب برات کی ڈیوٹی میں 282 مساجد شامل ہیں۔
جس میں مجموعی طورپر 1600 سے زائد پولیس کے جوان،147 اپر سپارڈینیٹ، 128ہیڈ کانسٹیبلان 1300سے زائد کانسٹیبلان اور08ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور ڈولفن فورس وموٹر سائیکل اسکواڈاپنے اپنے سیکیورٹی پلان کے ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
اہم مقامات کو مختلف سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا جہاں پرمسلسل پولیس موبائلز گشت کرتی رہیں گی ۔لوگوں کے رش والے مقامات کو کور کرنے کیلئےاضافی ناکہ بندی پوائنٹ/پٹرولنگ پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں ۔ فیصل آبا د کے اہم قبرستانوں میں بھی ڈیوٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے تاکہ لوگ حفاظت سے رات گئے اپنے گھروں سے مساجد اور قبرستانوں کی جانب آجاسکیں ۔
تمام اہم مساجد کی فوٹوگرافی اور ویڈیو ریکارڈنگ عمل میں لائی جائے گی۔حساس مقامات پر موبائل سی سی ٹی وی کیمرہ وین ایونٹ کو کور کرتی رہے گی۔ اس موقع پر سی پی او فیصل آباد نے تمام ڈویژنل ایس پیز،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت جاری کی کہ سیکورٹی پلان کے مطابق بروقت ڈیوتی بھجوائی جائے شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔اسلحہ کی نمائش اور آتش بازی پر سختی سے پابندی کروائی جائے۔ ایسے لوگوں کے خلاف جو قابل اعتراض اور مذہبی منافرت پھیلانے والے پمفلٹ/لٹریچر نشر ، شائع اور تقسیم کریں، فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=560511