فیصل آباد پولیس نے مقدمہ قتل اور ڈکیتی کے 4 ملزمان گرفتار کرلئے

21

فیصل آباد ۔ 30 جون (اے پی پی):فیصل آباد پولیس نے مختلف کارروائیوں میں قتل اور ڈکیتی کے مختلف مقدمات میں ملوث اور مطلوب 4 اشتہاری ملزمان گرفتار کرلئے۔تفصیلات کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ تھانہ چک جھمرہ پولیس نے شہری کو اغواء اور قتل کرنے والا ملزم 2سال بعد گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او تھانہ چک جھمرہ انسپکٹر محمد افضل اور ایس ایچ او تھانہ گلبرگ عدیل چیمہ نے مشترکہ کارروائی کرکے پولیس ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری ملزم علی رضا کو گرفتار کرلیا۔ملزم تھانہ چک جھمرہ کے مقدمہ23 /878 بجرم 365/302/201/148/ 149/176 ت پ میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 سال قبل تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ میں بسام نامی شہری کو اغواء کے بعد قتل کیاتھا۔ اسی طرح تھانہ ساہیانوالہ پولیس نے قتل کا اشتہاری ملزم 8 سال بعد گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او تھانہ ساہیانوالہ سب انسپکٹر طارق محمود نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری ملزم تنویر احمد کو گرفتار کرلیا۔ملزم تھانہ چک جھمرہ کے مقدمہ 17 /774، بجرم 302، 109، 34 ت پ میں پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم تنویر احمد نے 08 سال قبل تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ میں شہزاد نامی شہری کو لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے ڈکیتی کے مقدمہ کا اشتہاری ملزم 10 سال بعد گرفتار ایس ایچ او تھانہ ملت ٹاؤن سب انسپکٹر مظہر عرفان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری ملزم محمد بلال کو سیالکوٹ سے گرفتار کیا۔ملزم تھانہ ملت ٹاؤن کے مقدمہ 952/15 بجرم 392 ت پ میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم بلال نے 10 سال قبل تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فیملی کو یرغمال بنا کر ڈکیتی کی اور فرار ہوگیا۔

اسی طرح تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرکے ڈکیتی کا اشتہاری ملزم 02سال بعد گرفتار کرلیا۔ پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشتہاری ملزم شہزاد حسین کو گجرات سے گرفتار کیا۔ملزم تھانہ ملت ٹاؤن کے مقدمہ 23 /2287 2286/23، بجرم 392، 411 ت پ میں پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم بلال نے 02سال قبل تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موبائل شاپ اور فیکٹری میں ڈکیتی کی اور فرار ہوگئے۔فیصل آباد پولیس نے دستیاب کریمنل ریکارڈ کے تحت ملزمان کیخلاف کارروائی شروع کردی۔