فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پرگولڈن جوبلی تقریبات بھرپورطریقے سے منائی جائیں گی، صدرریحان نسیم بھراڑہ

158

فیصل آباد ۔ 01 فروری (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام کے پچاس سال مکمل ہوگئے۔ صدر ریجان نسیم بھراڑہ نے چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات کی سافٹ لانچنگ کی اوران تقریبات کو بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان کوبتایا کہ فیصل آباد چیمبر نے فیصل آباد شہر کی تعمیر و ترقی سمیت بزنس کیمونٹی کے مسائل کو حل کرانے میں بھر پور کردار ادا کیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کی بنیاد دسمبر 1974 میں رکھی گئی تاہم یہ چیمبر 1975 میں پوری طرح آپریشنل ہوا۔ انہوں نے فیصل آباد کی بنیادرکھنے والی اور اس کی کامیابی میں کردار اداکرنے والی شخصیات کی خدمات کو سراہا اور بتایاکہ ان کی خدمات کے اعتراف میں چیمبر کی گولڈن جوبلی تقریبات میں انہیں خصوصی ایوارڈاوراعزازی شیلڈوں سے نوازا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چیمبر اپنی کامیابی کے پچاس سال مکمل ہونے پر مختلف تقریبات کا انعقاد کرے گاجس میں چیمبر کے ممبران اور عام شہریوں کیلئے فیملی فیسٹول کے علاوہ لائیو انٹرٹینمنٹ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔یہ فیسٹیول ستارہ گرین سٹی میں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے چیمبرز کے صدور کو ایک جگہ اکٹھا کرنے کیلئے بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر خزانہ، وزیر کامرس اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں ہونگے۔ یہ تقریب بزنس کیمونٹی کے مسائل اعلیٰ اتھارٹی تک پہنچانے اور ان کے فوری اور مناسب حل میں بھی ایک اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سی شخصیات نے اپنی غیر معمولی خدمات کے ساتھ فیصل آباد کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا ہے۔ ان شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ اس کی پہچان اس کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ہے۔ مگر بہت افسوس کی بات ہے کہ فیصل آباد اور اس کی انڈسٹری کی اہمیت کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم فیصل آباد چیمبر ہمیشہ کی طرح اس شہر اور اس کی صنعت کے مسائل حل کرانے کیلئے بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گولڈ جوبلی کے موقع پر فیصل آباد چیمبر نے اپنی تمام تر سروسز کو ڈیجیٹل کرنے کیلئے ایک خصوصی ایپ لانچ کردی ہے۔ چیمبر کے تمام ممبران سے گزارش ہے کہ وہ اس ایپ کو لائیک کریں تاکہ انہیں چیمبر کی سروسز کی بروقت انفارمیشن مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی گولڈ جوبلی کے موقع پر محکمہ ڈاک نے ایک خصوصی یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ بزنس کیمونٹی کا پہلا یادگاری ٹکٹ ہوگا۔

ریحان نسیم بھراڑہ نے مزید بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے 11000 کے زائد ممبر ہیں اور چیمبر نے اپنے ممبران کی فلاح و بہبود کیلئے صحت، تعلیم، وہیکل اور سفری سہولیات کے متعلقہ مختلف اداروں سے کئی معاہدے سائن کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں نے چیمبر کے ممبران کے بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کی فراہمی پر 100فیصد ایڈمیشن فیس معاف کرنے کے علاوہ ٹیوشن فیس میں بھی کافی رعایت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر کی رکنیت سازی اور تجدید کی مہم عنقریب شروع کردی جائے گا۔ اس موقع پر چیمبر کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے کہا کہ چیمبر کی بنیاد رکھنے والے نذر شاہ اور ان کی ٹیم کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج یہ چیمبر ایک مکمل انسٹی ٹیوٹ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے اپنا سفر فیصل آباد چیمبر سے شروع کیا اور آج ان کا دنیا میں ایک مقام ہے انہیں چاہیے کہ وہ فیصل آباد چیمبر کی تقریبات میں شرکت کر کے اس کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ ایک سوال کے جواب میں چیمبر کے صدر نے بتایا کہ فیملی گالا میں انڈسٹری کی پراڈکٹس کی نمائش بھی لگائی جائے گی۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ سے ڈائریکٹ بین الاقوامی فلائٹس کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ تاہم ایئرپورٹ کے تمام وسائل کو بروئے کار نہیں لایا جارہے۔ فیصل آباد چیمبر کی کوشش ہے کہ ایئرپورٹ کے دستیاب تمامتر وسائل کو بروئے کار لاکر اس کی استعداد کار کو بڑھایا جائے۔ اسی طرح فیصل آباد چیمبر کی یہ بھی کاوش ہے کہ فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ کے رقبہ کو 8000۔

ایکڑسے بڑھا کر 12000۔ ایکڑ تک کیا جائے۔ قبل ازیں، صدر فیصل آباد چیمبر ریجان نسیم بھراڑہ، میاں محمد ادریس، قیصر شمس گچھا، فاروق یوسف اور دیگر کے ساتھ ملک کربٹن دبا کر چیمبر کی گولڈ جوبلی تقریبات کی سافٹ لانچنگ کی اور چیمبر کے لوگو کی نقاب کشائی کی جبکہ چیمبر کے سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا نے ووٹ آف تھینکس پیش کیے۔ اس موقع پر چیمبر کی گولڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جبکہ گولڈن جوبلی تقریبات کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین فاروق یوسف نے فیملی گالا میں شامل ہونے والوں کیلئے عمرہ کے دو ٹکٹ قرعہ اندازی کیلئے دینے کا بھی اعلان کیا۔