فیصل آباد۔ 12 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں چیمبرز ملکر دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔
یادداشت پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجا دارشد جبکہ یو کے پاکستان چیمبر کے نائب صدر میاں سعد حسن نے دستخط کئے۔ یادداشت کی دستاویزات کے تبادلہ کے موقع پر ڈاکٹر سجا دارشد نے بتایا کہ پاکستان اور یو کے کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے فیصل آباد چیمبر تجارتی وفود تشکیل دے گا جبکہ یو کے پاکستان چیمبر نیٹ ورکنگ کی سہولتوں کے علاوہ برطانوی تاجروں سے بی ٹو بی میٹنگز کرانے کا بھی بندوبست کرے گا۔
اس طرح دونوں چیمبر مل کر پاکستان میں مشترکہ تقریبات بھی منعقد کرائیں گے تاکہ دو طرفہ تجارت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دیا جا سکے۔ یو کے پاکستان چیمبر کے میاں سعد حسن نے بتایا کہ وہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے علاوہ دوسرے سرمایہ کاروں کو پاکستان اور بالخصوص فیصل آباد میں تجارتی مواقعوں سے آگاہ کریں گے اور اس سلسلہ میں کاروباری معلومات کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ آخر میں ڈاکٹر سجاد ارشد اور میاں سعد حسن نے شیلڈز کاتبادلہ بھی کیا۔