فیصل آباد چیمبرکی ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کی تاریخ میں کم از کم دوماہ کی توسیع کی اپیل

198
فیصل آباد چیمبرکی ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کی تاریخ میں کم از کم دوماہ کی توسیع کی اپیل

فیصل آباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو امجد زبیر ٹوانہ سے انکم ٹیکس کی ریٹرن فائل کرنے والوں کے رش اور ایف بی آر کے سرور کے بیٹھ جانے کی وجہ سے ریٹرن داخل کرانے کی تاریخ میں کم از کم دو ماہ کی توسیع کی اپیل کی ہے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ رش کی وجہ سے ایف بی آر کا آن لائن سسٹم ڈاؤن ہو گیا ہے اور لوگوں کو ریٹرن فائل کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حالات بھی انتہائی پریشان کن ہیں اور خاص طور پر کاروباری طبقہ کیلئے اپنے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ؐ کا مذہبی تہوار بھی سر پر آرہا ہے جبکہ ربیع الاول کی تقریبات شروع ہو چکی ہیں اور عام لوگ مالی مشکلات کے باوجود اس تہوار کو عقیدت و احترام سے منانے کو اپنی اولین مذہبی ترجیح سمجھتے ہیں اسلئے بھی ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں اضافہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں توسیع سے موجودہ ٹیکس گزاروں کے علاوہ نئے ٹیکس گزاروں کو بھی اپنی ٹیکس ریٹرن داخل کرانے کا موقع مل سکے گالہٰذاریٹرن فائل کرنے کی تاریخ 31دسمبر2023 تک بڑھائی جائے۔