فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے الیکشن کمیشن نے نئے عہدیداران کا غیر سرکاری اعلان کر دیا

161
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry
Faisalabad Chamber of Commerce and Industry

فیصل آباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے الیکشن کمیشن نے نئے عہدیداران کا غیر سرکاری اعلان کر دیا۔ اس موقع پر سابق صدور موجودہ اورنو منتخب ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ میاں جاوید اقبال اور میاں محمد ادریس بھی موجود تھے۔ الیکشن کمیشن کے ممبران مزمل سلطان، چوہدری محمد نواز اور راشد منیر نے نئے عہدیداروں کا اعلان کیا اور کہا کہ انہوں نے انتہائی غیر جانبداری سے اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کی کوشش کی اور یہی وجہ ہے کہ جیتنے والوں کے ساتھ ساتھ ہارنے والوں نے بھی انتخابی نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ میاں محمد ادریس نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر ملک کے تیسرے بڑے اور اہم شہر کی بزنس کمیونٹی کا واحد منتخب ادارہ ہے جو ممبران کے مسائل کو پر وقار طریقے سے حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے نو منتخب عہدیداروں ریحان نسیم، خلیل قیصر اور شاہد ممتاز پر زور دیا کہ وہ آئندہ سال کیلئے اپنا واضح روڈ میپ دیں اور پھر تعین کردہ اہداف کے حصول کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے انہیں اپنے تمام تاجر ساتھیوں کا تعاون حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے حالیہ انتخابات کو انتہائی صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ طور پر منعقد کرانے پر الیکشن کمیشن اور متعلقہ سٹاف کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے جس ذمہ داری اور ایمانداری سے انتخابات کو منعقد کرایا وہ ہم سب کیلئے باعث عزت و افتخار ہے۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ تمام اداروں کو ساتھ لیکر چلیں گے تاکہ چیمبر کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہو۔

نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی نے تمام نومنتخب عہدیداروں اور ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی خداد اد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے چیمبر کو بہت آگے لیکر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گزشتہ دو سال کے دوران میاں محمد جاوید اقبال اور میاں محمد ادریس کی مکمل راہنمائی حاصل رہی جس سے چیمبر کے معاملات کو چلانا اُن کیلئے بہت آسان ہو گیا۔ انہوں نے چیمبر کے سٹاف کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ خدا کے بعد انہیں اس گروپ اور چیمبر کی وجہ سے عزت ملی جس کیلئے وہ تمام ساتھیوں کے مشکور و ممنون ہیں۔

نومنتخب صدر ریحان نسیم نے کہا کہ خدمت اور ووٹروں کے اعتماد کی وجہ سے اُن کے گروپ نے کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس میں کلین سویپ کیا۔ انہوں نے قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ٹیم کے طور پر کام کریں گے تاکہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو سنگین معاشی مسائل درپیش ہیں اور آنے والا وقت مزید سخت ہوگا۔ تاہم وہ بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لیکر ان کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی، صوبائی اور وفاقی مسائل کے حل کیلئے وہ تمام متعلقین سے رابطے کریں گے تاکہ خدمت کے ذریعے سے ناراض ممبران کا بھی اعتماد حاصل کیا جا سکے۔ آخر میں ایگزیکٹو ممبر حاجی عبدالرؤف نے دعا کرائی۔ اس موقع پر میاں جاوید اقبال، سابق صدر شبیر حسین چاولہ، عاطف منیر، سید ضیا علمدار حسین، میاں عبدالوحید اور دیگر سرکردہ راہنما بھی موجود تھے۔