فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے500 سیلاب متاثرین فیملزکے لئے 1 ماہ کے راشن کی امداد روجھان جمالی روانہ

114
Faisalabad Chamber of Commerce
Faisalabad Chamber of Commerce

فیصل آباد۔19ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے70لاکھ روپے مالیت پر مشتمل 500سیلاب متاثرین خاندانوں کیلئے1 ماہ کا راشن روجھان جمالی روانہ کردیا گیاجبکہ سوا کروڑ روپے کے راشن کی دوسری کھیپ 25ستمبر کو روانہ کی جائے گی۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے ترجمان نے کہاکہ جس جذبے سے تاجر برادری نے اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کا عزم کیا ہے وہ مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے فیصل آباد کے تاجر اورمخیرحضرات بڑھ چڑھ کر متاثرہ افراد کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبرنے جب مدد کی بات کی تو بزنس کمیونٹی نے کہاکہ یہ بہت چھوٹی بات ہے وہ متاثرین کو ان کے گھر دوبارہ تعمیر کر کے دینے کے ساتھ ساتھ مال مویشی بھی لے کر دینے کو تیار ہیں تاکہ وہ از سر نو معمول کی زندگی شروع کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ نصیر آباد اور جعفر آباد کے ڈپٹی کمشنرز سے بھی بات کی گئی ہے جنہوں نے کہا کہ جب پانی اترے گا تو پھر تعمیراتی کام شروع ہو سکے گا۔

صدرفیصل آباد چیمبرعاطف منیر شیخ نے بتایا کہ متاثرین کی امداد کیلئے 70لاکھ روپے کی پہلی کھیپ بلوچستان بھیجی جا رہی ہے جس میں 500خاندانوں کے لئے ایک ماہ کا راشن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ستارہ گروپ کے علاوہ فیصل آباد چیمبر، آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اَپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن، پاکستان ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن، آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن اور فونڈری ایسوسی ایشن کا تعاون شامل ہے جبکہ دیگر تنظیموں نے بھی نقد اور سامان کی صورت میں عطیات دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ امداد کے اس سلسلہ کو پورا سال جاری رکھیں گے جبکہ سوا کروڑ روپے کے راشن کی دوسری کھیپ 25ستمبر کو روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ فیصل آباد چیمبر تاجر برادری کے تعاون سے ایک یا دو قصبوں میں گھروں کی تعمیر کے علاوہ بنیادی ڈھانچہ بھی مہیا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیلاب متاثرین کا نہیں بلکہ صاحب استعداد لوگوں کا امتحان ہے اور ہمیں اِس ذمہ داری کو ہر حال میں پورا کرنا ہے۔ آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اَپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سنٹرل چیئرمین عارف احسان ملک نے کہا کہ وہ چیمبر کی مشترکہ کوششوں میں حصہ ڈالنے کے علاوہ انفرادی طور پر متاثرین کیلئے خیمے اور راشن بھی بھجوا چکے ہیں۔ امدادی سرگرمیوں کے رابطہ کار عبداللہ قادری نے بتایا کہ ہر راشن بیگ میں 19اشیاشامل ہیں جو ایک خاندان کی ایک سے ڈیڑھ ماہ کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے کافی ہیں۔