فیصل آباد چیمبر مشکل معاشی حالات کے باوجود ممبران کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرے گا،ریحان نسیم بھراڑہ

89

فیصل آباد۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نو منتخب صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد سیکرٹریٹ سٹاف سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ممبران کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرنے کیلئے مخلصانہ کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ تیرہ سال بعد دوبارہ انہیں چیمبر کے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی کی خدمت کا موقع ملا ہے اسلئے اُن کی کوشش ہو گی کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود ممبران کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں اور اس مقصد کیلئے سیکرٹریٹ سٹاف کو دوسروں کے معاملات میں وقت ضائع کرنے کی بجائے اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن سر انجا م دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی تعلق کی وجہ سے غیر ضروری اہمیت نہ دی جائے اور ہر قسم کے کاموں کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر نمٹایا جائے۔

انہوں نے چیمبر کے فرنٹ ڈیسک کے عملے کو آنے والے ممبران سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ صفائی سے بھی ہر آنے والے کے ذہن میں چیمبر کا خوشگوار تشخص نمایاں ہوتا ہے۔ انہوں نے سر ٹیفکیٹ آف اوریجن اور ویزا لیٹر کے اجراکے بارے میں بھی ہدایات دیں اور کہا کہ ٹریول ڈیسک کو بھی مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا اورنائب صدر شاہد ممتاز باجوہ کے ہمراہ ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ سیکرٹریٹ سٹاف بھی یکجان اور یکسو ہو کے اپنے فرائض تندہی سے سر انجام دے گا۔ انہوں نے سٹاف کو یقین دلایا کہ وہ کام کرنے والوں کی ہر موقع پر مکمل حمایت کریں گے۔ انہوں نے چیمبر کے آر اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کو بھی از سر نو مؤثر اور فعال بنانے کا عندیہ دیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا اور نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے کہا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ چیمبر کے سٹاف کے انفرادی اور اجتماعی مسائل حل کرنے کیلئے بھی ہمہ وقت حاضر ہیں۔ اس موقع پر سٹاف ممبران نے فرداً فرداً نو منتخب عہدیداروں کو اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ سیکرٹری جنرل محمد ایوب نے چیمبر آمد پر صدر ریحان نسیم بھراڑہ، سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا اور نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ کو چیمبر کے سٹاف کی طرف سے پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور سیکرٹریٹ کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔