فیصل آباد۔ 26 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے انتخابی شیڈول کے مطابق حتمی ووٹرز لسٹوں کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کے علاوہ چیمبر کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی ایگزیکٹو کی 30خالی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ اہل ووٹرز ایگزیکٹو کی خالی ہونے والی نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی 28اگست تک داخل کرا سکتے ہیں نیز29اگست تک الیکشن میں حصہ لینے والے ہر امیدوار کو ووٹرز کی حتمی فہرست مہیا کر دی جائے گی، اسی روز کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتا ل ہو گی اور اہل امیدوار وں کی فہرست بھی اسی روز نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی جائے گی۔
الیکشن کیلئے مقرر کردہ کمیٹی کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کیلئے فارم بھی اسی روز جاری کئے جائیں گے تاہم امیدواروں کی نامزدگی کے خلاف اعتراضات 30اگست تک الیکشن کمیشن کے پاس داخل کرائے جا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن ان اعتراضات کو2ستمبر تک نمٹا دے گا تاہم اس سلسلہ میں کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیلیں 4ستمبر تک ریگولیٹر کے پاس داخل کرائی جا سکتی ہیں اور ریگولیٹر 11ستمبر تک ان اپیلوں کو نمٹا دے گا۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے سیکرٹری جنرل 12ستمبر تک کاغذات نامزدگی کی واپسی کی درخواستیں وصول کر یں گے اوراہل امیدواروں کی حتمی فہرست اسی روز جاری کر دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن شیڈول کے مطابق کارپوریٹ کلاس کیلئے پولنگ 17ستمبرکو ہوگی جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کیلئے ووٹ 18ستمبر کو ڈالے جائیں گے اور عبوری نتائج کا اعلان فوری طو رپر کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کی2مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ 19ستمبر کو ہو گی اور عبوری نتائج کا اعلان فوری طور پر کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں ایگزیکٹو کیلئے منتخب اہل امیدوار21ستمبر تک صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 23ستمبر کو ہو گی جبکہ عہدیداروں کے چناؤ کیلئے ووٹ 25ستمبر کو ڈالے جائیں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے باضابطہ اور حتمی نتائج کا اعلان 30ستمبر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سالانہ اجلاس عام کے دوران کیا جائے گا۔