فیصل آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا ہے کہ چیمبر بزنس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ اپنے ممبران کےلئے خصوصی مراعات کا بھی اہتمام کر رہا ہے ، اس سلسلے میں ہسپتالوں، لیبارٹریوں، تعلیمی اداروں، ہوٹلوں اور دیگر مختلف اداروں سے اب تک 30سے زیادہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے جا چکے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سرینا ہوٹلز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ جن اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں وہ چیمبر کے ممبران کو مختلف قسم کی مراعات اور رعایتیں دے رہے ہیں جبکہ اس کے بدلے میں اِن اداروں کو فیصل آباد چیمبر کے 11ہزار ممبران کی صورت میں بہت بڑی تعداد میں پوٹینشل کلائنٹ ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرینا ہوٹلز کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں دونوں اداروں کو کاروباری مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی جبکہ اس یادداشت کے تحت سرینا ہوٹل میں قیام کرنے والے چیمبر کے ممبران کو کرائے میں خصوصی رعایت ملے گی۔
سرینا ہوٹل فیصل آباد کے جنرل منیجر رشید الدین نے کہا کہ ہوٹل کی 28برانچیں 6 مختلف ملکوں میں کام کر رہی ہیں جبکہ وسط ایشیائی رایستوں میں بھی نئے ہوٹل کھولنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے قازقستان کی عظیم الشان اور صدیوں پرانی تہذیب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کے سیاح بڑی تعداد میں اس ملک کی سیر کر ہے ہیں جبکہ پاکستان اور خاص طور پر فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کو بھی اس ملک کی حسین وادیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اس سے قبل چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ اور رشید الدین نے اپنے اداروں کی طرف سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے رشید الدین کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔ اِس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا، سابق نائب صدر بلال وحید، محمد علی، انجینئر بلال جمیل، میاں محمد طیب، محمد سعید اور ریحان ناصر بھی موجود تھے۔