فیصل آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد کی طرف سے ماہ رمضان میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا نفاذ کیا گیا ہے۔کمشنر مریم خان نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے فری ہینڈ دے دیا ہے۔
ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے رمضان المبارک میں کارروائیوں کے اعدادو شمار جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق چاروں اضلاع میں 1 ہزار112 عادی گرانفروش گرفتار کرکے5 کے خلاف مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔وارننگ کے باوجود اوور چارجنگ سے باز نہ آنے پر981 دکانیں سربمہر کردی گئیں،11725 دکانداروں کو اوور چارجنگ پر 18 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
یکم تا 6 مارچ تک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 237185 دکانوں پر پرائس چیکنگ کی۔کمشنر کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان میں شہریوں کو ریلیف فراہمی کے لئے تمام ممکن اقدمات جاری ہیں،ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔