فیصل آباد۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے تمام آبپاش علاقوں میں گندم کی کاشت یکم نومبرسے شروع ہو گی۔
جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ گندم کی منظورشدہ اقسام کی کاشت کو ہی ترجیح دیں۔ انہوں نے بتایاکہ یکم نومبر سے لیکر15 نومبر تک کے ایام گندم کی کاشت کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اسلئے ان ایام میں کسی غفلت، کوتاہی، سستی، لاپرواہی کامظاہرہ نہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بیماری سے پاک تصدیق شدہ، صحت مند بیج زہر لگاکر بذریعہ ڈرل کاشت کریں تاکہ بہترپیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ تمام زراعت افسران سمیت فیلڈسٹاف سے کہاگیاہے کہ وہ ہمہ وقت کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کی رہنمائی یقینی بنائیں تاکہ وہ بروقت اور مناسب طریقے سے 15 نومبر تک گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔
انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے فیصل آبادسمیت تمام اضلاع کے محکمہ زراعت کے حکام کو سختی سے ہدائت کی ہے کہ وہ زمینداروں، کاشتکاروں،کسانوں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت پر آمادہ کرنے سمیت انہیں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ یکم نومبر سے شروع ہونے والی بوائی کی مہم کو بھر پور طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے
۔ انہوں نے بتایاکہ کسانوں کو زیادہ گندم اگانے کی جانب راغب کرنے کیلئے بھر پور طریقے سے مہم جاری ہے اور کاشتکاروں کو گندم کی بہترین اقسام اور اس کی کاشت کے طریقوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ محکمہ زراعت مقررہ ا ہداف کے حصول کیلئے تما م وسائل بروئے کار لا ئے گا اور ہدف سے بھی بڑھ کر گندم کی کاشت کیلئے جدو جہد کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514344