فیصل آباد ۔ 15 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی کٹائی کا عمل تیزی سے جاری ہے جہاں امسال 18 لاکھ 9 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کی گئی ہے۔محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد محمود نے اپنے دفتر میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک تقریباً 60 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کٹائی مکمل ہو چکی ہے جبکہ کسانوں کی جانب سے فی ایکڑ اوسط پیداوار 36 سے 40 من رپورٹ کی گئی ہے جو گزشتہ سال کی پیداوار کے برابر ہے۔ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ محکمہ زراعت موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسانوں کو مسلسل رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ بارشوں کا امکان موجود ہے لہٰذا کاشتکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صاف موسم میں ہی کٹائی کا عمل جاری رکھیں اور بارش کی پیش گوئی کی صورت میں فوری طور پر کٹائی روک دیں تاکہ گندم کی فصل کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اگر بارش کی شدت زیادہ ہو تو کسانوں کو چاہیے کہ وہ فصل کو اونچی جگہوں پر جمع کریں۔ گندم کی بھریوں کا سائز چھوٹا رکھیں اور سٹوں کا منہ اوپر کی جانب رکھیں تاکہ گندم کے دانے محفوظ رہیں اور نمی سے متاثر نہ ہوں۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کسانوں کو نمی کے تناسب کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے
اور بتایا کہ اگر گندم میں نمی 15 فیصد سے زیادہ ہو تو اسٹوریج کے دوران اس میں کیڑوں کا حملہ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے نہ صرف فصل کی کوالٹی متاثر ہو سکتی ہے بلکہ گندم انسانی استعمال کے قابل بھی نہیں رہتی۔ انہوں نےکسانوں پر زور دیا کہ وہ گندم کو محفوظ طریقے سے ذخیرہ کرنے کے لئے محکمہ زراعت کی دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں تاکہ فصل کے ضیاع کو روک کر انہیں بہتر پیداوار اور زیادہ منافع حاصل ہوسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582504