فیصل آباد کےتمام اہم مقامات پر نئے پودے لگانے ،پارکس وگرین بیلٹس سے کچرابھی صاف کروارہے ہیں،چیئر مین پی ایچ اے

136

فیصل آباد۔28فروری (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی فیصل آباد کے چیئر مین و رکن صوبائی اسمبلی میاں وارث عزیز نے کہا کہ حکومت کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت شہر کے تمام اہم مقامات پر نئے پودے لگانے اور پارکوں و گرین بیلٹس سے کچرانکال کر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد شہر کے ہر علاقے کو سر سبز و شاداب اور صاف ستھرا بنانا ہے۔

پیر کو شجر کاری کے حوالے سے مختلف گرین بیلٹس، پارکس اور شاہراہوں کے دورہ کے دوران انہوں نے کہاکہ شہر کو سر سبز و شاداب اور آلودگی سمیت ہر قسم کی گندگی سے پاک کرنے کیلئے عوام حکومتی اداروں کا بھر پور ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں نئے پودے لگانے کی ضرورت ہو وہاں پی ایچ اے سے جبکہ جہاں صفائی ستھرائی کی ضرورت ہو وہاں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہری جس طرح اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھتے ہیں بالکل اسی طرح اپنے قرب و جوار اور گلی محلوں کو بھی صاف ستھرا رکھیں اور جگہ جگہ کوڑا کرکٹ اور کچرا پھینکنے سے گریز کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہم منتخب نمائندوں اور سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد کے ساتھ مل کر کلین اینڈ گرین پروگرام کو کامیاب بنائیں گے اور اس میں مزید تیزی لانے کیلئے عملہ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہر شہری کو شجرکاری مہم میں حصہ لیکر اپنا قومی فریضہ اداکرنا چاہیے کیونکہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جس سے آنے والی نسلیں مستفید ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف انسانی صحت کی بقا کیلئے کثافتوں سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ چرند پرند کیلئے بھی یکساں مفید اور ضروری ہیں لہٰذ ا ہر شہری کو زیادہ سے زیادہ درخت اگانے میں خصوصی دلچسپی لینی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اہداف کے مطابق موسم بہار کی شجرکاری مہم کے بھرپور نتائج حاصل کیے جائیں گے اور کلین اینڈ گرین پروگرام کوکامیابی سے ہمکنار کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔