فیصل آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی):تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ میں میلے کے دوران غل غپاڑہ کرنے سے منع کرنے پرمشتعل افراد نے فائرنگ کرکے 2افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقہ چک نمبر 202 ر ب بھائی والا میں بابا بوٹے شاہ کے میلے کے دوران غل غپاڑہ کرنے سے منع کرنے پرمشتعل افراد نے فائرنگ کرکے 2افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا۔اطلاع ملتے ہی ایس پی،ڈی ایس پی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔
سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارکر8افراد کواسلحہ سمیت گرفتارکرلیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ چک نمبر 196رب کے رہائشی دو بھائی حنان رؤف ولد عبدالرؤف،عبید ولد عبدالرؤف اپنے ساتھی وقار سیلم ولد محمد سیلم کے ہمراہ چک202ر ب میں بابا بوٹے شاہ کے میلہ پر آئے ہوئے تھے جہاں ملک کبیر وغیرہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ غل غپاڑہ کر رہے تھے جن کو حنان رؤف نے منع کیا جس پر مشتعل ہوکر ملزمان نے اپنے ساتھیوں عبداللہ،شعیب وغیرہ کو بلا لیا اور اندھا دھندفائرنگ کردی جس پر میلہ میں بھگدڑ مچ گئی اور فائرنگ سے حنان اوروقار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ عبید راؤف بری طرح زخمی ہو گیا۔
سی پی او کی ہدایت پر ایس پی مدینہ ڈویژن کی سربراہی میں ڈی ایس پی نشاط آباد اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 202رب بھائی والا میں بغیر اجازت میلہ لگانے والی انتظامہ کے تین افراد کوبھی گرفتار کر لیا جن میں مزمل، حارث اور مدثرشامل ہیں۔