فیصل آباد۔ 26 مئی (اے پی پی):محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کی جانب سے ڈویژن بھر میں قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر ویٹرنری ڈسپنسریز قائم کر دی گئی ہیں جن پر ماہر ویٹرنری ڈاکٹرز،اسسٹنٹ اور دیگر عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ ویٹرنری عملہ علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مادہ جانوروں میں حمل ٹیسٹ اور قربانی والے جانوروں میں چیچڑ مار سپرے بلا معاوضہ کر رہا ہے۔ پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد کے بھی تمام داخلی اور خارجی راستوں پر بین الضلعی چیک پوسٹوں کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے ویٹرنری عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جو جانوروں کو چیچڑ مار سپرے کرے گا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے فیصل آباد کی مختلف مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس اور چیک پوسٹوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے وہاں تعینات ویٹرنری عملے کی حاضری اور وہاں موجود ادویات کا جائزہ لیا اور عملے کو تاکید کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے سرانجام دیں۔انہوں نے ٹرک مالکان کے لئے بھی خصوصی گزارشات کیں کہ وہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے چیک پوسٹوں پر اپنی گاڑی کو لازمی طور پر روکیں اور وہاں پر موجود ویٹرنری عملے سے اپنے جانوروں کو چیچڑ مار سپرے لازمی کروائیں۔انہوں نے عید قربان کے حوالے سے جانوروں کی خریداری کے حوالے سے بھی تاکید کی کہ وہ چیچڑوں سے پاک، تندرست اور صاف ستھرا جانور خریدیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مویشی منڈیوں میں قائم محکمہ لائیو سٹاک کی ویٹرنری ڈسپنسریوں سے رابطہ کریں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کی مناسبت سے امسال بھی محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں عوام کو تمام سہولیات بہم پہنچانے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ان اقدامات کا مقصد جانوروں کی صحت کا تحفظ اور خطے میں ایک صحت مند لائیوسٹاک انڈسٹری کو فروغ دینا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601535