فیصل آباد، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر سمیت دیہاتوں کو زیر و ویسٹ بنانے کیلئے مثالی اقدامات کرے، ڈپٹی کمشنر

125
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

فیصل آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زیروویسٹ دیہات یقینی بنانے کی تاکید کی ہے لہذاویسٹ مینجمنٹ کمپنی ٹھیکیداروں کو متحرک کریں اور شہر سمیت دیہاتوں کے داخلی راستوں اور شاہرات وگلیوں میں مثالی صفائی نظرآنی چاہیے۔

انہوں نے اب تک کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ عدم تعمیل کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کی طرف سے صفائی نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں لہذا کنٹینرزبروقت خالی کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود صفائی کی صورتحال کو چیک کررہے ہیں اورگاؤں میں صفائی کے معیار میں فرق نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کام ہوتا نظر نہ آیا تو ادائیگی بھی روک لی جائے گی،شاہرات پرکوڑا کرکٹ نظر نہیں آنا چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل سطح سے صفائی پلان وضع کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ آؤٹ سورسنگ کے واضح نتائج نظر آنے چاہئیں۔

انہوں نے روزانہ زیرو ویسٹ ایکٹیویٹی کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس ضمن میں ٹال مٹول یا زبانی جمع خرچ نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی منصوبہ کو کامیابی سے ہمکنارکرانے میں کوئی کسرباقی نہیں رہنی چاہیے۔انہوں نے شہرکی گرین بیلٹس کو بھی روز صاف کرانے کا ٹاسک تفویض کیااور سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے کہا کہ وہ آپریشن کو لیڈ کریں،شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں اور ضلع صاف ستھرا نظر آنا چاہیے۔