فیصل آباد۔19جون (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت فوری شروع کرکے اسے وسط جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادکے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار پچھیتی کاشت میں تاخیر سے گریزکریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایاجاسکے۔
انہوں نے کہا کہ وسط جولائی تک کاشت کی صورت میں پیٹھاکدو کاپھل اکتوبر میں پک کر تیار ہو جائے گا اور فصل کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرازمین کاانتخاب موزوں ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پیٹھاکدوکی پچھیتی کاشت کے وقت کھیت میں 2سے3 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ چلائیں اور پٹڑیاں بنانے کے لیے 1/4 میٹر پر نشان لگائیں اور نشانوں کے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر کے فاصلے پر 3بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ ملاکر بکھیر دیں اور پٹڑیاں بنالیں۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار ایک ایکڑ کھیت کیلئے ایک کلوگرام بیج کو پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر ایک ایک میٹرکے فاصلے پر بوئیں۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کے لیے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔