فیصل آباد، گھریلو ملازمہ 13 سالہ لڑکی کو مالکان نے تشدد کرکے قتل کردیا

61

فیصل آباد۔ 03 جون (اے پی پی):گھریلو ملازمہ 13 سالہ لڑکی کو مالکان نے تشدد کرکے قتل کردیا۔سی پی او فیصل آباد کے نوٹس لینے پر ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ ایڈن گارڈن کے رہائشی میاں ذیشان اور اسکی بیوی نے تشدد کرکے 13 سالہ گھریلو ملازمہ لڑکی عالیہ دختر ارشاد ساکنہ 243 ر۔ب کو مبینہ طور پر قتل کردیا۔ ملزمان بچی کی نعش اس کے والدین کے پاس 243 ر۔ب چھوڑ آئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

پولیس نے لڑکی کی نعش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی۔ ترجمان پولیس طارق جٹ نے بتایا کہ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ ایڈن ویلی میں گھریلو ملازمہ13سالہ عالیہ پر تشدد اور ہلاکت پر سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے فوری نوٹس لیا۔سی پی او فیصل آباد نے ایس پی مدینہ ٹاؤن سے معاملہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ایس پی مدینہ ٹاؤن کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرکے جدید تکنیکی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان میاں ذیشان اور اس کی بیوی سامیہ کو فوری طور گرفتار کرلیا۔

عالیہ کے باپ ارشاد نے پولیس کو بتایا کہ میری 13 سالہ بیٹی میاں ذیشان کے گھر وا قع ایڈن ویلی میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ میاں ذیشان نے فون پر اطلاع دی کہ لڑکی بیمار ہے،جب بیٹی کو لینے ان کے گھر پہنچا تو مردہ حالت میں تھی اور اس کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ دونوں میاں بیوی زبردستی اس کی لاش کو میرے گھر واقع 243 ر۔ب چھوڑ گئے۔ میاں ذیشان نے کہا کہ ہم سے غلطی ہوگئی ہے۔