فیصل آباد۔ 19 نومبر (اے پی پی):سلنڈر بلاسٹ اور گیس لیکج کے باعث دھماکے اور آتشزدگی کے باعث 2 افراد زخمی جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقہ خیابان گرین، ستیانہ روڈ پر سلنڈر پھٹنےسے 2 افراد سہیل اور شہروز زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ مضروبین کے مطابق وہ ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں گیس بھر رہے تھے کہ سلنڈر بلاسٹ ہو گیا۔ گیس بھرنے والا 16 سالہ سہیل ولد نوید سکنہ سیٹلائٹ ٹائون ستیانہ روڈ شدید زخمی ہو گیا۔ موقع پر موجود 20 سالہ شہرروز ولد رفیق سکنہ خیابان گرین نے پہلے شخص کو بچانے کی کوشش کی ، اس دوران گیس انہیل ہونے کی وجہ سے اسکی طبیعت خراب ہوئی۔
دونوں افراد کو ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے سول ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا ہے ۔ ایک اور واقعہ میں گیس سلنڈر کی لیکج کی وجہ سے دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث گھر کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ غالب سٹی کے ایک گھر میں آگ بھڑک اٹھی، سلنڈر کی لیکج کی وجہ سے کمرے میں گیس بھر گئی شعلہ ملنے سے اچانک دھماکہ ہوا۔ ریسکیو ٹیم نے پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ پر بروقت قابو پا لیا۔ گھر میں موجود فرنیچر اور گھریلو اشیاء کو آگ لگی،تمام افراد محفوظ رہے۔