فیصل آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن کی مسیحی برادری کے افراد 25 دسمبر بروزبدھ کو کرسمس کا تہوار مذہبی و روایتی جوش و خروش سے منائیں گے۔ اس سلسلہ میں فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں گرجا گھروں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ دیدہ زیب برقی قمقموں، جھنڈیوں، آرائشی محرابوں کے ساتھ سجایا گیا ہے جبکہ مذکورہ چرچز سمیت مسیحی برادری کے افراد نے اپنے گھروں میں کرسمس ٹریز کو بھی د لفریب نگینوں، چھوٹی گھنٹیوں و دیگر آرائشی سازوسامان سے آراستہ و پیراستہ کیا ہے۔
مسیحی برادری کے افراد نے کرسمس کی تقریبات کو پروقار طریقے سے منانے کیلئے گرجا گھروں میں اپنی رسومات اور عبادات کا آغاز کر دیا ہے اور بڑی تعداد میں مسیحی گرجاگھروں میں موم بتیاں اور دیئے روشن کر کے اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مختلف بڑے چرچز میں خصوصی میلوں اور تفریحی پروگرامات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ کرسمس کی مناسبت سے مسیحی برادری کے افراد اپنے عزیز و اقارب کے گھروں میں کرسمس کیک، مٹھائیوں،تحائف، ڈرائی فروٹس کا تبادلہ بھی کر رہے ہیں اور مڈنائٹ سروسز بھی جاری ہیں جن میں مذہبی گیت گائے جارہے ہیں اور بائبل کی پڑھائی کر کے مسیحی عبادات کی ادائیگی بھی جاری ہے۔