فیصل آباد موٹر وے پولیس کی شدید گرمی کے پیش نظر کمزور ٹائر وں والی گاڑیوں کو موٹر وے پر داخلے سے گریز کرنے کی ہدایت

149

فیصل آباد۔ 21 مئی (اے پی پی):موٹر وے ایم تھری، ایم فور پولیس فیصل آباد نے گرمی کی شدت کے پیش نظردوپہر کے اوقات میں کمزور ٹائر وں والی گاڑیوں کو موٹر وے پر داخلے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں موٹر وے ایم تھری اور فیصل آباد، گوجرہ موٹر وے ایم فور کی موٹروے پولیس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اس سلسلہ میں خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کے مالکان بالخصوص ڈرائیورز، کنڈیکٹرز کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے باعث کمزور ٹائروں والی گاڑیاں موٹر وے پر نہ لے کر آئیں تاکہ حادثات کا خدشہ نہ رہے۔

انوہں نے کہا کہ شدید گرمی میں موٹروے پر آنے والی کمزور ٹائروں کی حامل اکثر گاڑیوں کے ٹائر پھٹ جاتے ہیں جس سے سنگین حادثات کا خطرہ رہتاہے۔ انہوں نے کہاکہ موٹروے محفوظ سفر کی ضامن ہے اس لئے کمزور ٹائروں والی گاڑیوں کے مالکان کو چاہیے کہ وہ اپنی گاڑیاں موٹر وے پر لانے سے گریز کریں۔