فیصل کریم کنڈی سے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹر زایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، درپیش مسائل سے آگاہ کیا

23

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹر زایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے چیئرمین افتخار احمد کی قیادت میں پیرکے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں وائس چیئرمین حنان حان، سابق چیئرمینز حاجی مشتاق اور ذوالفقار احمد، ایگزیکٹو اراکین فاروق زمان اورراشد قدیر شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے کمرشل ایکسپورٹ پر ایک فیصد کیپراٹیکس لگایاگیاہے جو کہ ایکسپورٹرزکیساتھ ظلم ہے۔انہوں نے گورنر سے طور خم بارڈر پر ایکسپورٹرز کیلئے ون ونڈو آپریشن اور ای کامرس والوں کیلئے پاکستان میں پے پال سروس شروع کرنے کی درخواست کی۔

وفد نے گورنرسے ماہ اگست میں آل پاکستان ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گورنر ہاؤس میں میڈلز دینے کی تقریب منعقد کرنے کی درخواست بھی کی۔ گورنرنے اس موقع پر وفد کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل اور وفد کے مطالبات سے وفاقی حکومت کو آگاہ کیاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ ایکسپورٹرز کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وہ اپنا آئینی کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے جیمزسٹون پر ایکسپورٹ کی پابندی کے خاتمے کیلئے بھی وفاقی حکومت سے درخواست کی تھی۔ وفد نے اس موقع پر وفاقی حکومت جانب سے جیمزسٹون ایکسپورٹ پر پابندی ختم کرنے سے متعلق خصوصی دلچسپی لینے پر گورنر فیصل کریم کنڈی کاشکریہ بھی ادا کیا۔