فیفاورلڈکپ، ارجنٹائن کی ٹیم کروشیا کو ہرا کر چھٹی مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ، کروشیا کو ٹاپ فور میچ میں 0-3 گول سے شکست کا سامنا

208
فیفاورلڈکپ، ارجنٹائن کی ٹیم کروشیا کو ہرا کر چھٹی مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ، کروشیا کو ٹاپ فور میچ میں 0-3 گول سے شکست کا سامنا

دوحہ۔14دسمبر (اے پی پی): دوبار کی سابق عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم چھٹی مرتبہ قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ فاتح ٹیم نے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں کروشیا کی ٹیم کو باآسانی 0-3گول سے ہرا کر 2014 کے بعد 8 سال بعد فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا،

اس سے قبل ارجنٹائن کی ٹیم نے آخری بار 2014 میں میگا ایونٹ کا فائنل کھیلا تھا جس میں اس کو جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ ارجنٹائن کی فتح میں کپتان لیونل میسی نے ایک اور جولین الواریز نے دو گول کر کے اہم کردار ادا کیا۔ 2014 کے فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنے والے 35 سالہ لیونل میسی اپنا پہلا ورلڈ کپ جیت کر اور ارجنٹائن کو تیسرا ٹائٹل دلوا کر اپنے غیر معمولی کیریئر کا تاج سر سجانے کے لئے بے چین ہیں۔

فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں لگا ہوا ہے جو اپنے آخری مراحل کی طرف گامزن ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیموں نے ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کی ۔ میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں دوبار کی سابق عالمی چیمپئن ارجنٹائن اور کروشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ،جس میں ارجنٹائن کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی حریف کروشین فٹ بال ٹیم پر حاوی ہوگئی ۔

میچ کے پہلے ہاف میں ارجنٹائن کی ٹیم نے روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے 2 گول سکور کر کے کروشین ٹیم پر 0-2 گول کی برتری قائم کر لی۔کپتان لیونل میسی نے 34 ویں منٹ میں پنالٹی شوٹ آئوٹ پر ایک گول کر کے اور جولین الواریز نے 39 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنادی۔یوں ارجنٹائن کو کروشیا کے خلاف میچ کے پہلے ہاف پر 0-2 گول کی برتر ی تھی۔

دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹائن ٹیم نےعمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا۔ جولین الواریز نے 69ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ 0-3 کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہا۔ ارجنٹائن کی ٹیم اس سے قبل دو مرتبہ 1978 اور 1986 میں عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ وہ 1930،1990، اور 2014 میں رنر اپ رہ چکی ہے۔

سیمی فائنل میں کروشیا کی ٹیم پورے میچ میں بے بس نظر آئی، شکست کے بعد ان کا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم اتوار کو فائنل میں ارجنٹائن سے مدمقابل ہوگی۔\932