فیفاورلڈکپ، پرتگال کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کو باآسانی 1-6 گول سے ہرا کر کوارٹرفائنل میں پہنچ گئی

228
فیفاورلڈکپ، پرتگال کی ٹیم سوئٹزرلینڈ کو باآسانی 1-6 گول سے ہرا کر کوارٹرفائنل میں پہنچ گئی ،فاتح ٹیم کے گونکالو راموس کی میگا ایونٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک

دوحہ۔7دسمبر (اے پی پی): پرتگال کی ٹیم قطر میں جاری 22ویں فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ۔ فاتح ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میچ میں سوئٹزرلینڈ کو باآسانی 1-6 گول سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔پرتگال کے کھلاڑی گونکالو راموس نے میگا ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم کے گونکالو راموس نے تین ،کیپلر لاویران پیپے ،رافیل گوریرو اور رافیل لیو نے ایک ، ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سوئٹزرلینڈ کی جانب سے واحد گول مینوئل اکانجی نے سکور کیا۔ فٹ بال ورلڈ کا عالمی میلہ قطر میں لگا ہوا ہے جو اپنے آخری مراحل کی طرف گامزن ہے جس میں دنیائے فٹ بال کی 32 ٹیموں نے ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کی ۔

میگا ایونٹ میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے آخری پری کوارٹر فائنل میچ میں پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ،جس میں پرتگال کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی حریف سوئس فٹ بال ٹیم پر حاوی ہوگئی ۔

پرتگال کی ٹیم کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے بغیر ہی میدان میں اتری اس کے باوجود ان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوئس ٹیم کو بے بس کر دیا۔ پرتگال کو میچ کے پہلے ہاف پر حریف سوئس ٹیم کے خلاف 0-2 گول کی برتر ی تھی۔ گونکالوراموس نے 17 منٹ میں پہلا جبکہ کیپلرلاویران پیپے نے 33 ویں منٹ میں دوسرا گول سکور کیا۔ دوسرے ہاف میں بھی پرتگال ٹیم نےعمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا۔

گونکالوراموس نے 51 ویں اور 67 ویں منٹ میں گول کر کے میگا ایونٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک سکور کی ان کے علاوہ دوسرے ہاف میں رافیل گوریرو نے 55 ویں اور رافیل لیو نے 90 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

سوئٹزرلینڈ کی طرف سے واحد گول مینوئل اکانجی نے دوسرے ہاف میں 58 ویں منٹ میں سکور کیا۔ یوں سوئٹزرلینڈ کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال کی ٹیم کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔