فیفاورلڈکپ فائنل،ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن فرانس کو اعصاب شکن مقابلے کے بعدپنلٹی ککس پر شکست دےکرتیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنےنام کرلیا،مباپے کی ہیٹرک رائیگاں

155
فیفاورلڈکپ فائنل،ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن فرانس کو اعصاب شکن مقابلے کے بعدپنلٹی ککس پر شکست دے کرتیسری مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا،مباپے کی ہیٹرک رائیگاں

دوحہ۔18دسمبر (اے پی پی):ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن فرانس کو سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پر4-2گولز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ فیفا ورلڈکپ ٹائٹل اپنے نام کر لیا، مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 2-2 گولز جبکہ اضافی وقت میں 3-3 گولز سے برابر رہا تاہم پنلٹی ککس پر ارجنٹائن نے فرانس کو4-2گولز سے زیر کر کے 36 برس بعد عالمی ٹائٹل جیتا،

اس سے قبل ارجنٹائن نے آخری بار 1986ءمیں عالمی ٹائٹل جیتا تھا، لائنل میسی نے فرانس کا بیک ٹو بیک عالمی ٹائٹلز جیتنے کا خواب ادھورا کر دیا، مباپے کی شاندار ہیٹرک بھی فرانس کو ٹائٹل نہ دلوا سکی۔ اتوار کو لوسیل اسٹیڈیم قطر میں دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان انتہائی سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت کی دیوی ارجنٹائن پر مہربان رہی اور اس نے پنلٹی ککس پر میدان مار کر دنیائے فٹبال کا نیا بادشاہ بننے کا اعزاز حاصل کیا

، پہلے ہاف کے 23ویں منٹ میں میسی نے پنلٹی کک پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 36ویں منٹ میں ڈی ماریا نے شاندار گول کر کے ارجنٹائن کی برتری دگنی کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا، 80ویں منٹ میں فرانس کے مباپے نے پنلٹی کک پر گول کر ٹیم کی طرف سے پہلا گول کیا، ایک ہی منٹ بعد مباپے نے شاندار گول کر کے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کر دیا،

اس کے بعد دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے تاہم کوئی بھی کامیاب نہ ہو سکی اور مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گولز سے برابر رہا، اضافی وقت کے 108ویں منٹ میں میسی نے گول کر کے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو فرانس کے خلاف برتری دلائی تاہم 118ویں منٹ میں مباپے نے پنلٹی کک پر گول کر کے مقابلہ ایک بار پھر برابر کر دیا،

اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنلٹی ککس دیئے گئے، مباپے نے پہلے پنلٹی پر گول کیا تاہم فرانس نے دوسرے اور تیسرے پنلٹی پر گول کرنے کے مواقع ضائع جبکہ ارجنٹائن نے ایک بھی پنلٹی ضائع نہیں کیا، اسطرح ارجنٹائن نے4-2 گولز سے میچ جیت کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، ارجنٹائن نے اس سے قبل 1978ءاور دوسری مرتبہ 1986ءمیں عالمی ٹائٹل حاصل کیا تھا۔