دوحہ۔20نومبر (اے پی پی):اکیسیویں فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں ایکواڈور نے میزبان قطر کو2-0گولز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کا شاندار آغاز کیا، اینرویلنسیا نے دو گولز کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، اس کے ساتھ ہی قطر پہلا میزبان ملک بن گیا ہے جسے میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اتوار کو البیت اسٹیڈیم، قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ میں گروپ اے کے ابتدائی میچ میں ایکواڈور اور میزبان قطر کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، ایکواڈور کی ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو با آسانی2-0 گولز سے ہرا کر ایونٹ کا جاندار انداز سے آغاز کیا،
فاتح ٹیم نے میچ کے پہلے ہاف میں دونوں گولز کر کے حریف ٹیم کے خلاف 2-0گولز کی برتری حاصل کی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، پہلے ہاف کے 16ویں منٹ میں اینر ویلنسیا نے گول کر کے ٹیم کو 1-0 گول کی برتری دلائی، 31ویں منٹ میں ویلنسیا نے ایک اور شاندار گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اسطرح ایکواڈور نے قطر کو2-0گولز سے ہرا کر کامیابی اپنے نام کی۔ میزبان قطر کی ٹیم میگا ایونٹ میں 25 نومبر کو اپنے دوسرے میچ میں سینیگال جبکہ ایکواڈور کی ٹیم اسی روز ہالینڈ کے مدمقابل ہو گی۔