نئی دہلی ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی) 17 واں فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں (آج) ہفتہ کو چار میچ کھیلے جائینگے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ گروپ سی کی ٹیموں جرمنی اور کوسٹا ریکا کے درمیان کھیلا جائیگا، دوسرا میچ گروپ ڈی میں شامل برازیل اور سپین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا، تیسرا میچ گروپ سی کی ایران اور گوئنی ٹیموں کے درمیان ہوگا جبکہ چوتھا میچ گروپ ڈی کی ٹیموں شمالی کوریا اور نائیگر کے درمیان کھیلا جائیگا۔ میگاایونٹ میں دنیائے فٹ بال کی 24 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، نائیجیریا کی ٹیم نے ٹائٹل کا دفاع کرنا تھا تاہم وہ اس بار میگا ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، نائیجیریا نے 2015ءمیں منعقدہ ورلڈ کپ کے فائنل میں مالی کو ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔