فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ میں (جمعرات کو )مزید چار میچوں کا فیصلہ ہوگا

4

اٹلانٹا۔25جون (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام امریکا میں جاری کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں کل (جمعرات کو )مزید چار میچ کھیلے جائیں گے۔دو میچز گروپ جی اور دو میچز گروپ ایچ سے کھیلے جائیں گے۔ گروپ جی کا پہلا میچ اٹلی کی کلب ٹیم جووینٹس اور انگلینڈ کی کلب ٹیم اور دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیموں کے درمیان کیمپنگ ورلڈ سٹیڈیم، اورلینڈوکے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ گروپ جی کا دوسرا میچ مراکش کی کلب ٹیم وائڈڈ اور متحدہ عرب امارات کی کلب ٹیم العین کے درمیان آڈی فیلڈ، واشنگٹن، ڈی سی میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح گروپ ایچ کا پہلا میچ سعودی عرب کے الہلال کلب اور میکسیکو کے پچوکا کلب کی ٹیموں کے درمیان جیوڈیس پارک، نیش وِل میں کھیلا جائے گا جبکہ گروپ ایچ کا دوسرا میچ آسٹریا کے ریڈ بل سالزبرگ کلب اور سپین کے ریال میڈرڈ کلب کی ٹیموں کے درمیان لنکن فنانشل فیلڈ، فلاڈیلفیا کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کے تمام میچز امریکا کے 11 مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے ۔ 14جون سے شروع ہونے والا کلب فٹ بال ورلڈ کپ کا 21 واں ایڈیشن 13جولائی کو ایسٹ ردرفورڈمیں کھیلے جانے والے فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔

فیفا کلب ورلڈ کپ میں 32 کلب ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزماہیں۔ انگلینڈ کی کلب ٹیم مانچسٹر سٹی میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔ فیفاکلب ورلڈ کپ کی تاریخ میں سپین کی کلب ٹیم ریال میڈرڈ کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 28جون سے یکم جولائی تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنلز 4 اور 5 جولائی کو کھیلے جائیں گے ، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 8جولائی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔فیفاکلب ورلڈ کپ 2026 کا فائنل میچ 13جولائی کو میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ میں کھیلا جائے گا۔