فیفا عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹاپ 16 رائونڈ 28 جون سے شروع ہوگا

3

سنسناٹی۔26جون (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام امریکا میں جاری کلب ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا پری کوارٹر فائنل رائونڈ 28 جون سے شروع ہوگا۔ عالمی کلب فٹ بال ٹورنامنٹ کے میچز کا سلسلہ امریکا میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

میگا ایونٹ کا ناک آئوٹ رائونڈ 28 جون سے شروع ہوگا اور 28 جون کو دو ٹاپ 16 رائونڈ میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹاپ 16 رائونڈ کا پہلا میچ پالمیراس اوربوٹافوگوکی کلب فٹ بال ٹیموں کے درمیان لنکن فنانشل فیلڈ، فلاڈیلفیا کے مقام پر کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا پری کوارٹر فائنل میچ پرتگال کی کلب فٹ بال ٹیم بینفیکا اور انگلینڈ کی کلب فٹ بال ٹیم چیلسی کے درمیان بینک آف امریکہ سٹیڈیم، شارلٹ میں کھیلا جائے گا۔

14جون سے شروع ہونے والا کلب فٹ بال ورلڈ کپ کا 21 واں ایڈیشن 13جولائی کو ایسٹ ردرفورڈمیں کھیلے جانے والے فائنل میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔فیفا کلب ورلڈ کپ میں 32 کلب ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے پنجہ آزماہیں۔ انگلینڈ کی کلب ٹیم مانچسٹر سٹی میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کے لئے کوشاں ہے ۔ فیفاکلب ورلڈ کپ کی تاریخ میں سپین کی کلب ٹیم ریال میڈرڈ کو سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 28جون سے یکم جولائی تک کھیلا جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنلز 4 اور 5 جولائی کو کھیلے جائیں گے ، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 8جولائی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 9 جولائی کو کھیلا جائے گا۔فیفاکلب ورلڈ کپ 2026 کا فائنل میچ 13جولائی کو میٹ لائف سٹیڈیم، ایسٹ رودر فورڈ میں کھیلا جائے گا۔