یائوندے۔18مئی (اے پی پی):کیمرون کے ہیڈ کوچ ریگوبرٹ سانگ نے قطر میں ہونے والے 2022 فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق کیمرون فٹ بال فیڈریشن (ایف ای سی اے ایف او او ٹی) کے حوالے سے شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں سانگ نے کہا کہ ہمارا ہدف کم از کم سیمی فائنل ہے۔1990 میں کیمرون اضافی وقت میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست سے قبل فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ملک بن گئی تھی۔
سانگ نے کہا کہ کیمرون کو برازیل، سربیا اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ گروپ جی میں رکھا گیا ہےجو بہت مضبوط گروپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برازیل جو کہ فیفا کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے اس سے ٹیم کو کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ کیمرون کی ٹیم ماضی میں برازیل کو شکست دے چکی ہے۔ واضح رہے کہ کیمرون کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز 24 نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف کرے گی۔
کیمرون کی ٹیم اپنا دوسرا لیگ میچ 28 نومبر کو سربیا جبکہ تیسرا میچ 2 دسمبر کو برازیل کے خلاف کھیلے گی۔