دوحہ۔24نومبر (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے کیمرون کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دے دی۔ جمعرات کو قطر کے شہر دوحہ کے الجنوب سٹیڈیم میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2022ء گروپ جی کے میچ میں بریل ایمبولو کے شاندار گول کی بدولت سوئٹزرلینڈ نے فتح اپنے نام کرلی۔
سوئٹزرلینڈ نے میچ کے آغاز سے ہی مخالف ٹیم پر دبائو بڑھائے رکھا تاہم پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف کے آغاز پر ہی 48ویں منٹ میں سوئٹزر لینڈ کے بریل ایمبولو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔
دوسرے ہاف میں کیمرون نے گول برابر کرنے کے لئے بھرپور زور لگایا مگر سوئٹزرلینڈ کے گول کیپر کی عمدہ کارکردگی کے باعث وہ گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور میچ کے اختتام تک سوئٹزرلینڈ کی برتری برقرار رہی۔ اس طرح سوئٹزرلینڈ نے میچ 1-0 سے اپنے نام کرلیا۔