دوحہ۔16جنوری (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام فیفا کلب ورلڈ کپ کا 17 ایڈیشن آئندہ ماہ قطر میں شروع ہوگا جس میں سات ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔ اس حوالے سے فیفا کلب ورلڈ کپ 2021 کے مقابلوں کے لئے ریفریز کے ناموں کا اعلان پہلے ہی کردیا گیاہے ، فیفا کلب ورلڈ کپ یکم سے گیارہ فروری تک قطر میں کھیلا جائے گا جس میں سات کلب شریک ہونگے۔ عالمی تنظیم فیفا کے ریفریز کی کمیٹی نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ سات ریفریز اور 12 معاون ریفریز کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ سات ویڈیو اسسٹنٹ ریفریز بھی منتخب کئے گئے ہیں۔ ریفریز میں ایک اماراتی ریفری محمد عبداللہ حسن اور معاون ریفریز میں دو اماراتی محمد الحمادی اور حسن المہیری شامل ہیں۔ ریفریز کی ٹیم برازیل کے ریفری ایدینا الوس باٹیسٹا کی قیادت میں ورلڈ کلب کپ کے میچوں میں حصہ لیں گے۔ کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منتخب کئے گئے ریفریز مقابلے کے میچ شروع ہونے سے ایک ہفتہ قبل حتمی تیاریوں میں شریک ہوں گے جس میں ان کی حفاظت کیلئے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ فیفا کلب ورلڈ کپ یکم سے 11 فروری 2021 کو شروع ہوگا جس کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ہیں۔